براہ راست مواد پر جائیں

سائنس دانوں نے نائٹ ویژن کانٹیکٹ لینس تیار کر لیے

23 مئی 2025
سائنس دانوں نے نائٹ ویژن کانٹیکٹ لینس تیار کر لیے
سائنس دانوں نے ایسے جدید کانٹیکٹ لینسز تیار کر لیے ہیں جو بغیر کسی بیرونی توانائی کے، صارف کو اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیت دیتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر ریسکیو آپریشنز، فوجی مشنز اور دیگر ایمرجنسی حالات میں نمایاں…

سائنس دانوں نے ایسے جدید کانٹیکٹ لینسز تیار کر لیے ہیں جو بغیر کسی بیرونی توانائی کے، صارف کو اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیت دیتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر ریسکیو آپریشنز، فوجی مشنز اور دیگر ایمرجنسی حالات میں نمایاں تبدیلی لا سکتی ہے۔

بین الاقوامی سائنسی جرنل Cell میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، یہ لینس روایتی نائٹ ویژن گاؤگلز کے برعکس کسی قسم کی بیٹری یا توانائی کے ماخذ کے محتاج نہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ مستقبل میں بھاری بھرکم نائٹ ویژن آلات کی جگہ ہلکے، شفاف کانٹیکٹ لینس لے سکتے ہیں۔

تحقیق کے مرکزی مصنف، چین کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سائنس دان ٹیان شو کے مطابق، یہ دریافت انسان کی بینائی کو بہتر بنانے کے لیے ایک غیر تکلیف دہ اور پہننے کے قابل ٹیکنالوجی کا دروازہ کھولتی ہے۔

یہ لینس نینو پارٹیکلز پر مشتمل ہے جو نیئر-انفرا ریڈ (Near-Infrared) روشنی کو جذب کر کے اسے ایسی ویو لینتھ میں تبدیل کرتے ہیں جسے انسانی آنکھ دیکھ سکتی ہے۔ یہ ویو لینتھ 800 سے 1600 نینو میٹرز کے درمیان ہوتی ہے، جو عام روشنی کی حد سے باہر ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کانٹیکٹ لینسز مستقبل میں سیکورٹی، طب، فائر فائٹنگ، اور صنعتی معائنہ جیسے شعبوں میں ایک انقلابی تبدیلی کا باعث بن سکتے ہیں۔

خبر شیئر کریں